اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں تقریباً 1000 پوائنٹس کا اضافہ

  • آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی
اپ ڈیٹ 13 جنوری 2025

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 1000 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 982.77 پوائنٹس یا 0.87 فیصد اضافے سے 114,230.06 پوائنٹس پر بند ہوا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ ایس ایس جی سی، شیل، پی ایس او، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، اینگرو، ایچ بی ایل، ایم ای بی ایل اور این بی پی کے حصص میں تیزی کا رجحان رہا۔

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز نے پیر کو ایک نوٹ میں کہا کہ مارکیٹ اگلی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا انتظار کرے گی جس میں متفقہ توقعات 100 بی پی ایس کی کٹوتی سے 12 فیصد کی پالیسی ریٹ ہونی چاہئیں۔

نوٹ میں مزید کہا گیا کہ نتائج کا سیزن جلد ہی شروع ہونے کی امید ہے، جہاں بینکوں کی ادائیگیوں سے سرمایہ کاروں کا موڈ بہتر ہو سکتا ہے؛ تاہم، سائیکلک سیکٹرز کے نتائج زیادہ متاثر کن نہیں ہو سکتے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران پی ایس ایکس فروخت کے دباؤ میں رہا اور بھاری نقصانات کے ساتھ گہرے منفی زون میں بند ہوا کیونکہ سرمایہ کاروں نے دستیاب مارجن پر اپنی ہولڈنگز کو فرخت کرنے کا انتخاب کیا۔

بینچ مارک کے ایس ای 100 ہفتہ وار بنیادوں پر 4339.69 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 13ہزار 247 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر پیر کے روز ایشیائی حصص کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی جبکہ ڈالر 14 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب رہا کیونکہ واضح طور پر مضبوط پے رول رپورٹ سے بانڈز کے منافع میں اضافہ ہوا اور آمدنی کا سیزن شروع ہونے کے ساتھ ہی ایکویٹی ویلیو ایشن میں اضافہ ہوا۔

مارکیٹوں نے پہلے ہی پورے 2025 کے لئے فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں کٹوتی کی توقعات کو کم کرکے صرف 27 بیسس پوائنٹس کردیا ہے ، ٹرمینل کی سطح اب 4.0 فیصد کے آس پاس دیکھی گئی ہے جبکہ پچھلے سال اس بار 3.0 فیصد کی توقع کی گئی تھی۔

کم از کم پانچ فیڈ حکام اس ہفتے خطاب کریں گے اور نوکریوں کے اس حیران کن اعداد و شمار پر اپنے ردعمل کا اظہار کریں گے۔ ان میں نیویارک فیڈرل ریزرو کے صدر جان ولیمز، جو بدھ کے روز پیش ہوں گے، جو خاص اہمیت رکھتے ہیں۔

بلند شرح سود کی وجہ سے 10 سالہ ٹریژری پر منافع 4.79 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور یہ ایشیا میں آخری بار 4.764 فیصد پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

جاپان میں چھٹی کے باعث پیر کی صبح کے تجارتی اوقات میں کمی دیکھی گئی، اور ایم ایس سی آئی کے جاپان کے باہر ایشیا-پیسفک حصص کے سب سے وسیع انڈیکس میں 0.4 فیصد کمی ہوئی۔ حالانکہ نکئی بند تھا، اس کے فیوچر 38,770 پر ٹریڈ ہو رہے تھے، جو کہ کیش کلوز 39,190 سے کم تھا۔

دریں اثناء انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کمی دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے قدر میں 10 پیسے کی کمی کے بعد روپیہ 278 روپے 68 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس پر حجم جمعہ کے روز 499.85 ملین سے بڑھ کر 521.21 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 24.83 ارب روپے سے بڑھ کر 28.29 ارب روپے ہوگئی۔

ورلڈ کال ٹیلی کام 70.13 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی، اس کے بعد 39.60 ملین حصص کے ساتھ سنرجیکو پی کے اور 31.10 ملین حصص کے ساتھ سوئی سدرن گیس تیسرے نمبر پر رہی۔

پیر کو 449 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 280 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 116 میں کمی جبکہ 53 میں استحکام رہا۔

Read Comments