شمالی وزیرستان: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 خارجی دہشت گرد ہلاک کردیے، آئی ایس پی آر

12 جنوری 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طور پر نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں 6 خوارج ( دہشت گردوں) کو جہنم واصل کردیا جبکہ اس دوران 2 خوارج کو گرفتار کیا گیا۔

انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور آپریشن ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں کیا گیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکورٹی فورسز نے3 خوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ 2 خوارج زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک کئے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد وارداتوں ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طورپرکسی بھی دوسرے خارجی (دہشتگرد) کے خاتمے کے لیے تلاش آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Read Comments