کراچی کی ترقی کے بغیر ملک کی خوشحالی ممکن نہیں، بلاول نےملیر ایکسپریس وے کا افتتاح کردیا

12 جنوری 2025

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی وقت کی ضرورت ہے کیونکہ میگاسٹی کی ترقی کے بغیر ملک کی خوشحالی ممکن نہیں ہے۔

ملیر ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنرشپ کا آئیڈیا 1993 میں بے نظیر بھٹو نے پیش کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت متعدد منصوبے بنائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب سندھ حکومت کو احساس ہوا کہ مرکز انہیں فنڈز فراہم کرنے سے ہچکچا رہا ہے تو اس نے پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ کے آئیڈے پر توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پانی، گرین انرجی اور دیگر شعبوں میں پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنرشپ پر کام کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کو بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے کیونکہ اس کی آبادی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لئے بین الاقوامی سرمایہ کار تلاش کرے۔

انہوں نے کہا کہ جب مقامی سرمایہ کار پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنرشپ سے مطمئن ہوجائیں گے تو عالمی سرمایہ کار بھی اس پر توجہ دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پانی، نکاسی آب اور توانائی کے منصوبوں پر توجہ دے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ نجی پبلک پارٹنرشپ کے تحت گرین انرجی اور سولر انرجی کو فروغ دے۔

Read Comments