رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ترسیلات زر میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال جولائی تا دسمبر ریکارڈ 17.845 ارب ڈالر بھجوائے جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران یہ رقم 13.435 ارب ڈالر تھی۔ یہ مالی سال 25 کی پہلی ششماہی میں 4.4 ارب ڈالر کا متاثر کن اضافہ ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اہم وقت میں ترسیلات زر میں خاطر خواہ اضافہ دکھایا ہے، جب ملک کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے مستحکم آمدنی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافے سے ریگولیٹرز کو وہ لچک بھی مل سکتی ہے جس کی انہیں واپسی کے اخراج کو موثر طریقے سے کنٹرول کرنے اور بیرونی فنانسنگ پر مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان نے گزشتہ دس ماہ کے دوران اوسطاً 3 ارب ڈالر ماہانہ ترسیلات زر وصول کی ہیں، جو مالی سال 23 اور مالی سال 24 میں ریکارڈ کیے گئے 2.4 ارب ڈالر کے ماہانہ اوسط سے نمایاں اضافہ ہے۔
سعودی عرب سب سے بڑا حصہ دار رہا، جہاں مالی سال 25 کی پہلی ششماہی کے دوران ترسیلات زر کا مجموعی حجم 4.423 ارب ڈالر رہا، جو 36 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) دوسرے نمبر پر رہا، جہاں ترسیلات میں شاندار 54 فیصد اضافہ ہوا، جو جولائی تا دسمبر کے دوران 3.58 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 2.32 ارب ڈالر تھیں۔
برطانیہ سے بھی ترسیلات زر 33 فیصد اضافے کے ساتھ 2.64 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ۔ اسی طرح جولائی تا دسمبر امریکہ سے ترسیلات زر میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1.77 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
ماہانہ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2024 میں کارکنوں کی ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر رہیں جو دسمبر 2023 کے 2.38 ارب ڈالر کے مقابلے میں 29.3 فیصد یا 718 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔ دسمبر 2024 کی ترسیلات نومبر 2024 کے مقابلے میں بھی 5.6 فیصد زیادہ ہیں، جب ملک نے 2.91 ارب ڈالر کی ترسیلات وصول کیں۔
دسمبر 2024 میں ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ سعودی عرب رہا، جس نے 770.6 ملین ڈالر فراہم کیے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات 631.5 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ برطانیہ اور امریکہ نے بالترتیب 456.9 ملین ڈالر اور 284.3 ملین ڈالر کا حصہ ڈالا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے کی ایک بڑی وجہ متحدہ عرب امارات سے مضبوط ترسیلات ہیں، جو دسمبر 2024 میں سالانہ 51 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ گزشتہ دو مالی سال کے دوران ترسیلات زر میں متحدہ عرب امارات کا حصہ 17.5 فیصد تھا، جو اب بڑھ کر 20.5 فیصد ہو گیا ہے، جس میں خطے کا سب سے بڑا حصہ دبئی کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025