انٹر بینک مارکیٹ میں جمعہ کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے قدر میں 3 پیسے کے اضافے کے بعد روپیہ 278 روپے 58 پیسے پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق جمعرات کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 278 روپے 61 پیسے پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر ڈالر ایک سال سے زائد عرصے میں اپنی طویل ترین ہفتہ وار جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے تیار ہے جس کی بنیاد بڑھتی ہوئی بانڈ ییلڈز اور امریکہ میں ایک اور مضبوط روزگار کے اعدادوشمار کی توقعات پر رکھی گئی ہے۔
امریکی ڈالر نے اس ہفتے ین کے مقابلے میں 0.5 فیصد اضافہ کیا جس کی قیمت 158.03 ین تک پہنچ گئی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں 1 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا۔ برطانوی پاؤنڈ 14 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا، جس کی وجہ گِلٹس کی فروخت اور برطانیہ کی مالی صورتحال کے بارے میں خدشات تھے۔
امریکی ڈالر اس ہفتے یورو کے مقابلے میں عمومی طور پر مستحکم رہا، جس کی قیمت 1.0926 ڈالر رہی اور اس نے آسٹریلوی اور نیوزی لینڈ ڈالرز کے مقابلے میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا۔
امریکی ڈالر انڈیکس میں مسلسل چھٹی ہفتہ وار تیزی ریکارڈ کی گئی ہے جو 2023 میں 11 ہفتوں کی جیت کے بعد اس کی سب سے طویل کامیابی ہےکیونکہ امریکی معیشت دیگر خطوں کی کمزوریوں کے برعکس مضبوط دکھائی دیتی ہے۔
جمعہ کی صبح ایشیا میں انڈیکس 0.25 فیصد ہفتہ وار اضافے کے ساتھ 109.18 پر مستحکم رہا۔
مارکیٹس نے 2025 کے لیے امریکی شرح سود میں کمی کی توقعات کو کم کرکے تقریباً 40 بیسس پوائنٹس تک محدود کر دیا ہے، جبکہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ مہنگائی پیدا کرنے والے ایجنڈے کے خدشات نے طویل مدتی ییلڈز میں اضافے میں مدد دی ہے۔
کرنسی کی برابری کا ایک اہم اشارہ، تیل کی قیمتوں میں جمعہ کو اضافہ ہوا اور مسلسل تیسرے ہفتے بھی اضافے کی راہ پر گامزن رہا کیونکہ تاجروں نے پابندیوں کی وجہ سے رسد میں ممکنہ خلل پر توجہ مرکوز کی جبکہ امریکہ اور یورپ کے کچھ حصوں میں برفانی حالات سے ایندھن کی طلب میں اضافے کی توقع ہے۔
برینٹ کروڈ فیوچر 1.06 ڈالر یا 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 77.98 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی فیوچر قیمت 1.04 ڈالر یا 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 74.96 ڈالر ہوگئی۔
10 جنوری تک تین ہفتوں کے دوران، برینٹ میں 7 فیصد کے قریب اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں تقریبا 8 فیصد اضافہ ہوا ہے.