پی آئی اے کو پیرس کیلئے براہ راست پرواز سے 10 کروڑ 70 لاکھ روپے کی آمدن کا امکان

10 جنوری 2025

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پیرس کے لیے اپنی افتتاحی براہ راست پرواز سے 10 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی آمدن حاصل کرے گی، باوجود اس کے بزنس کلاس کی تقریبا 40 فیصد نشستوں پر پی آئی اے کے اعلیٰ حکام قابض ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پہلی پرواز جو 10 جنوری کو دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر اسلام آباد سے روانہ ہوگی، مئی 2020 میں یورپی یونین کی جانب سے عائد کی گئی ساڑھے چار سال کی پابندی کے بعد پی آئی اے کی پیرس روٹ پر واپسی ہے، پرواز 8303 کے حادثے کے بعد جس میں 97 افراد ہلاک ہوئے تھے اور پائلٹس کے لائسنس کی میعاد ختم ہونے سے متعلق معاملہ سامنے آیا تھا۔

بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پی آئی اے کو 10 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن کا امکان ہے کیونکہ اسلام آباد پیرس اور پیرس اسلام آباد پرواز کی تقریبا تمام نشستیں فروخت ہوچکی ہیں۔

ایئر لائن کو نئے روٹ کے لئے زبردست مانگ ملی ہے ، افتتاحی آنے والی اور جانے والی دونوں پروازیں پہلے ہی مکمل طور پر بک ہوچکی ہیں۔ مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے پی آئی اے نے انٹرا نیٹ وائرلیس انٹرٹینمنٹ سسٹم کے ذریعے پرواز کے دوران تفریح کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں جس سے مسافر اپنے موبائل فونز، ٹیبلٹس یا لیپ ٹاپ کمپیوٹرز کے ذریعے مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی ایئرلائن پیرس کے لئے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلائے گی۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے وقت کی بچت کا اضافی فائدہ اٹھاتے ہوئے سستے ٹکٹ فراہم کر رہی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments