پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے جمعرات کو اے اے ای-1 سب میرین کیبل کے مسئلے کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کی ہیں۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ”اضافی بینڈوتھ“ شامل کیا ہے جس نے انٹرنیٹ کی سست روی کو نمایاں طور پر کم کیا ہے۔
تاہم پی ٹی سی ایل نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ کچھ صارفین کو اب بھی مصروف اوقات کے دوران میٹا سے متعلق خدمات (بشمول واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام) سے متعلق انٹرنیٹ میں سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ آنے والے دنوں میں اس مسئلے کا مکمل حل متوقع ہے اور اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی سی ایل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ مل کر تیز ترین ممکنہ حل کے حصول کے لئے تندہی سے کام کر رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے پی ٹی سی ایل نے کہا تھا کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس میں خلل سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں تندہی سے کام کر رہی ہیں۔
گزشتہ ہفتے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ بین الاقوامی سب میرین کی بندش کی وجہ سے صارفین کو سلو براؤزنگ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم ٹیمیں اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہیں۔
بیان میں صارفین سے اس دوران پیش آنے والی کسی بھی ناخوشگوار لمحات پر معذرت کی گئی تھی۔
پاکستان بدستور انٹرنیٹ کی بندش کی لپیٹ میں ہے جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ملک میں بدستور بند ہے۔
اوکلا کے اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈیکس برائے اکتوبر کے مطابق، فکسڈ براڈ بینڈ — گھروں یا دفاتر تک وائرڈ کنکشنز — میں پاکستان 158 ممالک میں 141 ویں نمبر پر رہا، جس کی میڈین اسپیڈ 15.6 میگابٹس فی سیکنڈ تھی۔
موبائل ڈیٹا کے لحاظ سے پاکستان 20.61 ایم بی پی ایس کی اوسط رفتار کے ساتھ 111 ممالک میں سے 100 ویں نمبر پر ہے اور اس کی میڈین اسپیڈ 20.61 میگابٹس فی سیکنڈ رہی۔