اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں اور ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل میں اپنے کردار کے حوالے سے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ حکومت اور حزب اختلاف کے مذاکرات میں صرف سہولت کار ہیں اور پارٹی کے بانی چیئرمین سے ملاقات ان کے مینڈیٹ یا ذمہ داری کا حصہ نہیں ہے۔
انہوں نے ان دعوؤں پر مایوسی کا اظہار کیا کہ اسپیکر کے دفتر سے رابطہ کرنے کی کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کے دروازے ہمیشہ سب کے لیے کھلے ہیں اور انہوں نے کبھی بھی کسی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو لگتا ہے کہ انہیں مذاکراتی عمل سے دستبردار ہونا چاہئے تو وہ اسپیکر کے عہدے کی غیر جانبداری اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لئے ایسی تجویز پر غور کے لئے تیار ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی ملک میں غیر موجودگی سے قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے انتظامات کرنے کی صلاحیت میں رکاوٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حکومت اور اپوزیشن کی درخواست پر اس طرح کے انتظامات میں سہولت فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔