قطر ایئرویز نے پاکستان میں اپنے دفاتر بند کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ایئرلائن معمول کے مطابق آپریشنز کررہی ہے۔
قطر ایئر ویز کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے اور جانے والی قطر ایئرویز کی پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں اور ہمارے دفاتر کھلے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر ایئرویز کی جانب سے پاکستان میں دفاتر بند کرنے کی حالیہ خبریں غلط ہیں۔
یہ وضاحت ان رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ قطری قومی ایئرلائن نے اخراجات میں کمی کے اقدامات کے تحت پاکستان بھر میں اپنے دفاتر بند کردیے ہیں۔
چند روز قبل قطر ایئرویز نے اعلان کیا تھا کہ وہ تقریبا 13 سال بعد شام کے دارالحکومت دمشق کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی جس کا آغاز ہفتہ وار تین پروازوں سے ہوگا۔
شام کے حکمران بشار الاسد کا تختہ الٹنے اور ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے تقریباً ایک ماہ بعد خطے کو دوبارہ جوڑنے کی جانب یہ ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال قطر ایئرویز کا سالانہ خالص منافع 39 فیصد اضافے سے6.1 ارب قطری ریال (1.67 ارب ڈالر) رہا تھا۔ 31 مارچ کو ختم ہونے والے سال کے دوران آمدنی 6 فیصد اضافے سے 81 ارب ریال تک پہنچ گئی ہے۔