وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کو اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر (جے ایم سی) منصوبے میں کمرشلی طور پر شامل کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت کے بعد وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ای او بی آئی کے چیئرمین سے مشاورت کا ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ باہمی اتفاق رائے سے طے شدہ شرائط و ضوابط کے تحت جے ایم سی منصوبے کےکمرشل پہلو میں ای او بی آئی کو شامل کرنے کے امکانات تلاش کیے جاسکیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت جے ایم سی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ ای او بی آئی کو منصوبے کے سرمایہ کاری پلان میں شامل کیا جائے تاکہ مالی فوائد کو زیادہ سے زیادہ کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران گزشتہ اجلاسوں میں دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ منصوبے کا ماسٹر پلان اور پی سی-II پہلے ہی منظور ہو چکا ہے۔
وزارت قومی صحت خدمات، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن نے اجلاس کو بتایا کہ ای او بی آئی کے چیئرمین سے ابتدائی مشاورت مکمل ہو چکی ہے جس میں دونوں فریقین اس بات پر متفق ہوئے کہ پہلے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی کی جائے گی۔۔ اس مطالعے کے بعد ای او بی آئی کی جانب سے رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری اور جے ایم سی کے تجارتی پہلو میں اس کی شمولیت کے حوالے سے باہمی رضامندی سے متفقہ شرائط و ضوابط کے تحت ایک تجویز تیار کی جائے گی۔ آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے کنسلٹنٹس تفصیلی ڈیزائن اور تعمیراتی نگرانی کے لئے مقامی کنسلٹنٹس کے انتخاب میں سی ڈی اے کی مدد کریں گے۔
سی ڈی اے پہلے ہی مقامی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کے لئے اظہار دلچسپی (ای او آئی) جاری کر چکا ہے، جس کی حتمی پیش کش جاری ہے۔ کنسلٹنٹس تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن، بل آف کوانٹیز (بی او کیو)، پروجیکٹ کی نگرانی اور کوالٹی کنٹرول کی تیاری کے ذمہ دار ہوں گے۔ احسن اقبال نے سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ کنسلٹنٹس کا کام بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کو یقینی بنایا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔
وزیر نے مزید ہدایت کی کہ جے ایم سی کے ڈیزائن کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ یہ منصوبہ جدید معیار سے ہم آہنگ ہو اور جدید ترین سہولت کے طور پر ابھرے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025