پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر فعال ہیں، اب سروسز میں کوئی خرابی نہیں ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2 جنوری 2025 کو اے اے ای ون سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ سروسز کے متاثر ہونے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اضافی بینڈوتھ کا انتظام کیا گیا جسے فوری طور پر سسٹم میں شامل کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی اے اے ای-1 سب میرین کیبل کی بحالی کی کوششوں کی فعال طور پر نگرانی کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ اس عرصے کے دوران تمام خدمات مستحکم رہیں۔
یاد رہے کہ جمعہ کو پی ٹی سی ایل حکام نے کہا تھا کہ انٹرنیشنل سب میرین کیبل کی بندش کی وجہ سے صارفین کو سست براؤزنگ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایکس پر دیے گئے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ٹیمیں اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے تندہی سے کام کررہی ہیں۔
قبل ازیں پی ٹی اے نے کہا تھا کہ وہ کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس میں آنے والی رکاوٹ سے نمٹنے کے لیے ’تندہی سے کام کررہا ہے۔
اتھارٹی نے بتایا تھا کہ قطر کے قریب سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان کے انٹرنیٹ اور براڈبینڈ سروسز پر اثر پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قطر کے قریب میرین کیبل اے اے ای ون (پاکستان کو بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیے منسلک کرنے والی سات بین الاقوامی زیر سمندر کیبلز میں سے ایک) میں خرابی کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔
پاکستان بدستور انٹرنیٹ کی بندش کی لپیٹ میں ہے جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ملک میں بدستور بند ہے۔
اکتوبر کے لیے اوکلا کے اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈیکس سے پتہ چلتا ہے کہ فکسڈ براڈ بینڈ یعنی گھروں یا دفاتر سے وائرڈ کنکشن کے لیے پاکستان 158 ممالک میں سے 141 ویں نمبر پر ہے جس کی اوسط رفتار 15.6 ایم بی پی ایس ہے۔
موبائل ڈیٹا کے لحاظ سے ، ملک 20.61 ایم بی پی ایس کی اوسط رفتار کے ساتھ 111 ممالک میں سے 100 ویں نمبر پر ہے۔