سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایک بار پھر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے اور اس کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کردی ۔
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد زمین، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نجم شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندے لائیڈ رائٹ اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے بھی آن لائن شرکت کی۔ 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے سیشن کے دوران شرکاء نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کو درپیش مسائل کے فوری حل اور رکاوٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں کے الیکٹرک، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے واٹر سپلائی لائنز اور تنصیبات سمیت یوٹیلیٹیز کی منتقلی میں تاخیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں لوٹ 1 اور لوٹ 2 میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور منصوبے کے کنٹریکٹرز کے ساتھ پیش رفت کو اپ ڈیٹ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ٹرانس کراچی کے سی ای او طارق منظور چانڈیو نے انہیں منصوبے میں حائل رکاوٹوں بالخصوص یوٹیلیٹی پرووائیڈرز کی جانب سے اپنی تنصیبات کی منتقلی کے حوالے سے خاطر خواہ ردعمل نہ ملنے کے بارے میں بریفنگ دی۔ شرجیل انعام میمن نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مسائل کے حل اور ہموار پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے پانچ دن کی سخت ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ سول ایوی ایشن کے ساتھ مل کر ائرپورٹ کے قریب کام شروع کریں۔ اجلاس کے دوران کے فور اور کے ای کے انفرااسٹرکچر ایڈجسٹمنٹ کو منصوبے میں تاخیر کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا۔
اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے۔ ’’ہمیں مقررہ وقت سے پہلے کام مکمل کرنا چاہیے۔ تعمیراتی کاموں کو تیز کرنے کے لئے انہوں نے حکم دیا کہ کام تین شفٹوں میں جاری رکھا جائے: صبح ، شام اور رات ، تاکہ کام چوبیس گھنٹے جاری رہے۔
انہوں نے ریڈ لائن بی آر ٹی کو کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلاب لانے اور جدید، موثر اور ماحول دوست ماس ٹرانزٹ حل فراہم کرنے کے لیے ایک فلیگ شپ ٹرانسپورٹ منصوبہ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی مکمل ہونے کے بعد روزانہ ہزاروں مسافروں کو آسان سفر فراہم کرے گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025