قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے چیئرمین سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے اسلام آباد ویسٹ میں عالمی بینک کے مالی تعاون سے تعمیر کیے جانے والے 765 کے وی گرڈ اسٹیشن (لوٹ فور) سے متعلق مالی بے ضابطگیوں میں ملوث نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو جنہیں پاور ڈویژن اور اس کے ماتحت محکموں اور اداروں کے افسران کو ان کی نااہلی اور مبینہ مالی بدانتظامی پر جوابدہ ٹھہرانے کی وجہ سے پاور کی قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹا دیا گیا تھا، نے اس مسئلے پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹر ابڑو نے وزیر توانائی کو لکھے گئے خط میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اہم کردار پر زور دیا، جو سینیٹ کے رولز آف پروسیجر کے رول 158 کے تحت متعلقہ وزارتوں کی نگرانی اور جائزہ لینے کی ذمہ دار ہیں۔
پارلیمانی جمہوریتوں میں، ان کمیٹیوں کو اکثر پارلیمنٹ کی ”آنکھیں، کان، ہاتھ اور دماغ“ کہا جاتا ہے۔ یہ قومی اور عوامی مسائل کو حل کرتے ہوئے پارلیمانی خودمختاری کو برقرار رکھتی ہیں اور حکومتی امور میں جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بناتی ہیں۔
کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے سینیٹر ابڑو نے وفاقی وزیر کی توجہ ایک سنجیدہ مسئلے کی جانب مبذول کرائی جس پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور میں بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمیٹی کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں کی مالی معاونت سے جاری توانائی کے منصوبوں کا جائزہ لے رہی ہے، جس میں تجاویز، ٹینڈرنگ کے عمل، مشیران، پیش رفت کی تفصیلات، اور وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی سود کی ادائیگیوں کا جائزہ شامل ہے۔
اراکین نے اسلام آباد ویسٹ (لاٹ فور) میں 765 کے وی گرڈ اسٹیشن کے بارے میں اہم خدشات کا اظہار کیا ہے جسے عالمی بینک کی مالی اعانت حاصل ہے۔
منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹی کو فنڈنگ ایجنسی کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں جن میں قرض کی تفصیلات جیسے قرض نمبر، قسط، رقم، دستخط کی تاریخ، موثریت کی تاریخ اور اختتامی تاریخ شامل ہیں۔
این ٹی ڈی سی بورڈ اور ورلڈ بینک کے این او ایل کی منظوری کے بعد 21 مئی 2024 کو این ڈبلیو ای پی ڈی آئی-ٹی بی ای اے (جے وی) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس منصوبے کو 21 جولائی 2024 کو نافذ العمل قرار دیا گیا تھا جس میں اب تک مجموعی طور پر 6.9 فیصد کی فزیکل پیش رفت ہوئی ہے۔
کمیٹی کو معلوم ہوا کہ سب سے کم بولی لگانے والی کمپنی این ڈبلیو ای پی ڈی آئی-ٹی بی ای اے (جے وی) نے ابتدائی طور پر 202 ملین ڈالر (35 ارب روپے) کی حتمی قیمت کا اعلان کیا تھا، تاہم بولی کے آغاز کے وقت اصل قیمت 33 ارب 60 کروڑ روپے تھی۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 16 مارچ 2024 کے خط اور 27 مارچ 2024 کے خطِ منظوری کے مطابق، معاہدے کی قیمت مجموعی طور پر سی این وائے 531,069,421.27، یورو 14,560,627.91، اور 12,253,741,637 روپے تھی۔
سینیٹر ابڑو نے نشاندہی کی کہ بولی کے دستاویزات کی شقوں کے مطابق ٹیکسز اور ڈیوٹیوں کو شامل کیے بغیر اور بولی دہندگان کے لیے ہدایات کے مطابق درست اور مطلع کردہ 3,360,000,000 روپے کی عارضی رقم کو شامل کرتے ہوئے، معاہدہ ایجنسی کی جانب سے منظور کیا گیا۔
بولی کے دستاویزات کی شقوں کے مطابق، شیڈول 2 اور 4 کے لیے ٹیکسز، جو کہ زیادہ سے زیادہ 1,282,445,164 روپے تک تھے، کو واپس کیے جانے کی شرط تھی۔
سینیٹر ابڑو نے مزید کہا کہ کمیٹی کو اطلاع دی گئی کہ ٹیکسز (1,282,445,164 روپے) ابتدائی طور پر بولی کھولنے کے وقت شامل نہیں کیے گئے تھے، لیکن بعد میں معاہدہ پر دستخط کے وقت ان کو شامل کر لیا گیا۔
فرمز کی جانچ پڑتال ٹینڈر دستاویزات کے مطابق کی گئی اور میسرز این ڈبلیو ای پی ڈی آئی -ٹی بی ای اے (جے وی) نے ٹیکس کی رقم کو شامل کیے بغیر خط قبول کیا۔
کمیٹی نے جوابدہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ایک بے ضابطگی کا انکشاف کیا جس میں 1.282 ارب روپے کا اضافی خرچ شامل تھا جو انکم ٹیکس کی وجہ سے آیا، جو کہ بولی کھولنے کے وقت ٹھیکیدار کی جانب سے پیش کی گئی اصل ٹینڈر لاگت کا حصہ نہیں تھا۔
یہ این ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے 16 مارچ 2024 کو دی گئی منظوری، 27 مارچ 2024 کو جاری کردہ منظوری کے لیٹر اور بولی کے دستاویزات کی بھی خلاف ورزی تھی۔
کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ این ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سابق چیف انجینئر/ پروجیکٹ ڈائریکٹر (پی ایم یو-ڈی ٹی ایل پی) نے 24 دسمبر 2024 کو کمیٹی کے اجلاس کے دوران اعتراف کیا کہ معاہدے میں 1.282 ارب روپے کے ٹیکس شامل کرنا این ٹی ڈی سی حکام اور این ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی غلطی تھی، جو بولی کے عمل کی شقوں سے مکمل طور پر باہر تھی اور اس کے نتیجے میں خزانے کو کافی نقصان پہنچا۔
سینیٹر ابڑو نے کہا کہ محکمہ اس بدانتظامی کی تسلی بخش وضاحت کرنے میں ناکام رہا اور کمیٹی نے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کے ارکان نے غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں کے انتظام میں چیک اینڈ بیلنس کے مؤثر نظام اور شفافیت کی کمی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جن میں ٹینڈرنگ کے عمل سے لے کر بروقت تکمیل تک شامل ہیں، اور لاگت کی تجاویز کی درستگی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
765 کلو وولٹ گرڈ اسٹیشن کی اسٹریٹجک اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، جو کہ خطے میں پاور کی تقسیم کی معتبریت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے، سینیٹر ابڑو نے وزیر توانائی سے درخواست کی کہ وہ اس بے ضابطگی کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایک مکمل تحقیقات کا آغاز کریں۔
انہوں نے کمپنی سے 1.282 ارب روپے کی ریکوری، ذمہ داروں کا احتساب اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے اصلاحی اقدامات کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔
سینیٹر ابڑو نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ اس بے ضابطگی میں ملوث کسی بھی فرد یا تنظیم کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جائے تاکہ قومی انفرااسٹرکچر کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے اور گڈ گورننس کے اصولوں کو برقرار رکھا جاسکے ۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025