پاکستان امریکا مضبوط تعلقات کیلئے وزیر خزانہ کا پاکستانی نژاد امریکنز کی شمولیت پر زور

02 جنوری 2025

امریکا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ سے ملاقات کی۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کا اہم مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لئے امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو شامل کرنا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مثبت میکرو اکنامک ترقی بشمول اہم معاشی اشاریوں میں بہتری اور میکرو اکنامک استحکام میں اضافے کے پیش نظر، وزیر خزانہ اور سفیر دونوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فعال طور پر فروغ دے کر ان مواقع سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا، جس میں پاکستانی تارکین وطن کو شامل کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور برآمدی ملک ہے۔

ملاقات کے دوران فریقین نے اقتصادی سفارتکاری کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کاروباری منصوبوں اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی معیشت میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے امریکا میں موجود اسٹیک ہولڈرز اور تارکین وطن کے ساتھ میکرو اکنامک اعداد و شمار پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

منگل کے روز پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کے دوران اورنگ زیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹینڈ بائی انتظامات (ایس بی اے) اور اس کے بعد توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پر دستخط کرنے میں سہولت فراہم کرنے میں امریکی حمایت کا اعتراف کیا۔

گزشتہ سال جولائی میں آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے 37 ماہ کے قرض پروگرام کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ (ایس ایل اے) کیا تھا جس کا مقصد استحکام اور جامع ترقی کو مستحکم کرنا تھا۔

Read Comments