وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے 5 سالہ قومی اقتصادی منصوبہ ’اوڑان پاکستان‘ کا اعلان کردیا۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ’اوڑان پاکستان ہوم ڈیولپمنٹ نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان‘ پانچ سالہ قومی اقتصادی منصوبہ ہوگا اور اس میں 2024 سے 2029 تک کا احاطہ کیا جائے گا۔
وزارت نے کہا کہ یہ منصوبہ سرکاری اور نجی شعبوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی قابل قدر رائے پر مبنی ہے اور اس کا مقصد پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان (این ای ٹی پی)، جو 5 ای فریم ورک پر مبنی ہے۔ (i) ایکسپورٹ (ii) ای پاکستان (iii) ماحولیات اور آب و ہوا کی تبدیلی (iv) توانائی اور بنیادی ڈھانچہ (v) مساوات، اخلاقیات اوخود مختاری 13 ویں پانچ سالہ منصوبے (2024-29) کی بنیاد کے طور پر کام کرے گی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ملک کو میکرو اکنامک استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف لے جانا ہے۔
وزیر اعظم نے پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بجلی اور گیس جیسے ان پٹ کی لاگت کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کی بچت اور برآمدات کو بڑھانے کے لئے مقامی صنعت کو زیادہ ہم آہنگ بنایا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط معیشت بنانے کے لیے برآمدات پر مبنی ترقی ہی واحد آپشن ہے۔
حکومت نے سالانہ 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا ہے اور مقامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے سازگار ماحول بھی پیدا کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے بڑے نقصانات سے بچنے کے لئے نجکاری اور آؤٹ سورسنگ کو اہم قرار دیا جس کے لئے ”سیاسی مکالمہ انتہائی ضروری ہے“۔
قبل ازیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کا مقصد 2028 تک 6 فیصد کی پائیدار جی ڈی پی شرح نمو حاصل کرنا، سالانہ 10 لاکھ ملازمتیں اور سالانہ 10 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری حاصل کرنا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2028 تک برآمدات کے 60 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے اس منصوبے پر عمل درآمد کا ایک جامع طریقہ کار موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکٹورل پلان اور روڈ میپ پر عملدرآمد کو مربوط کرنے کے لئے وزیراعظم آفس میں ڈیلیوری یونٹ قائم کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، سندھ کے وزیر سید ناصر حسین شاہ اور وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق بھی موجود تھے۔