وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں بتایا گیا کہ گوادر سے مسقط کے لیے فلائٹ آپریشن 10 جنوری 2025 سے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے) سے شروع ہوگا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نئے ہوائی اڈے کو پاک چین دوستی کی روشن مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ہوائی اڈے کی تعمیر پر اپنے عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں“، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنل ہونے سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جس پر 246 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اسے چین کی مدد سے تعمیر کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ میں تبدیل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔
انہوں نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ملک کے دیگر علاقوں بالخصوص صوبہ بلوچستان کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنل ہونے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے جو اے 380 طیاروں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ سالانہ 40 لاکھ مسافروں کا انتظام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی (پی پی اے) نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایروڈرم سرٹیفکیٹ جاری کیا جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی ایئرپورٹ کو مطلع کیا۔
پی اے اے، ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ ایئرپورٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) جلد ہی کراچی اور گوادر کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرے گی۔
مزید برآں گوادر سے اندرون ملک اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے پاکستان کی نجی ایئرلائنز اور چین، عمان اور متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
مزید برآں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) میں رجسٹرڈ تمام بینکوں سے بینک برانچیں قائم کرنے اور ایئرپورٹ پر اے ٹی ایمز نصب کرنے کے حوالے سے رابطہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ساتھ سڑک رابطے کو بہتر بنانے کے لیے ایسٹ بے ایکسپریس وے کا پہلا حصہ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے حصے کی فزیبلٹی تیار کی جارہی ہے۔
اجلاس میں وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔