2024 کے اوائل میں غیر ضروری ادویات کی ڈی ریگولیشن نے پاکستان کی دواسازی کی صنعت میں اہم مثبت تبدیلیاں مرتب کی ہیں جس سے کمپنیوں کو نیشنل ایسنشل میڈیسنز لسٹ (این ای ایم ایل) میں شامل نہ ہونے والی ادویات کی قیمتوں کا تعین کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پالیسی کا مقصد اس شعبے میں دیرینہ چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کو آگے بڑھانے کیلئے نقطہ نظر پیدا کرنا ہے۔
اس تبدیلی نے دوا ساز کمپنیوں کو انتہائی ضروری لچک فراہم کی ہے جس سے انہیں مارکیٹ کے حالات کے مطابق قیمتوں کو ایڈجسٹ کرنے کی اجازت ملتی ہے۔ ماہرین نے مزید کہا کہ قیمتوں کو افراط زر اور کرنسی کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ ہم آہنگ کرکے کمپنیاں ادویات کی پیداوار کو مستحکم کرنے میں کامیاب رہی ہیں جو پہلے قیمتوں کی حدود کی وجہ سے پہلے دستیاب نہ ہونے کے خطرے سے دوچار تھیں۔
اہم مثالوں میں پیراسیٹامول اور آئبوپروفین جیسی ادویات کی پیداوار کی بحالی شامل ہے، جو اب زیادہ آسانی سے دستیاب ہیں۔ تاہم، غیر ضروری ادویات کی مجموعی طور پر دستیابی اب بھی وسیع اقتصادی عوامل جیسے مہنگائی، توانائی کے اخراجات، اور کارپوریٹ ٹیکسوں میں اضافے سے جڑی ہوئی ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں پاکستان میں کئی اہم ادویات کی کمی کی رہی۔ مریضوں کو وینٹولن جیسی ادویات کے لیے بھی مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ لوگوں کو بلیک مارکیٹ سے مہنگی قیمتوں پر ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اسمگل شدہ اور جعلی ادویات بھی مارکیٹ میں آ گئی تھیں کیونکہ مریض مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
اس پالیسی نے ان مینوفیکچررز کو بھی راحت فراہم کی ہے جو آپریٹنگ خسارے کا سامنا کر رہے تھے۔ بہتر قیمتوں کی خود مختاری نے کمپنیوں کو لاگت کو بہتر طریقے سے منظم کرنے اور مصنوعات کی تنوع کی تلاش کرنے کا موقع دیا ہے جو کہ خاص طور پر غیر ضروری ادویات کے شعبے میں ہے۔
اگرچہ ڈی ریگولیشن کو وسیع پیمانے پر ایک ترقی پسند قدم سمجھا جاتا ہے ، لیکن اس کے طویل مدتی اثرات ابھی تک مکمل طور پر سامنے نہیں آئے ہیں۔ صنعت کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرونی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اصلاحات سمیت اضافی اقدامات اس کے ممکنہ فوائد کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لیے ضروری ہوں گے۔
چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد اور نئے داخل ہونے والے بھی زیادہ لچکدار ریگولیٹری ماحول میں مواقع تلاش کر رہے ہیں جس سے جدت اور تنوع کو فروغ ملتا ہے تاہم چیلنجز بدستور موجود ہیں، خاص طور پر ان کاروباروں کے لیے جو زیادہ پیداواری لاگت اور اقتصادی عدم استحکام سے نمٹ رہے ہیں۔
مستقبل کو دیکھتے ہوئے ، عوامی فلاح و بہبود کے ساتھ مارکیٹ کی آزادی کو متوازن کرنے کے لئے مزید ڈی ریگولیشن یا ہائبرڈ پرائسنگ ماڈل متعارف کرانے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کا خیال ہے کہ اس طرح کے اقدامات سرمایہ کاری کو راغب کرسکتے ہیں، ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں اور عالمی فارماسیوٹیکل منظرنامے میں پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کرسکتے ہیں۔
اگرچہ اصلاحات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں، لیکن اس نے دواسازی کے شعبے کے لیے ایک زیادہ متحرک اور خود مختار انداز کا آغاز کیا ہے۔ جیسے جیسے صنعت اس نئے فریم ورک کے مطابق ڈھل رہی ہے، اس کی اقتصادی اور عملی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت ہی اس کی کامیابی کی حد کا تعین کرے گی۔