اسرائیل کی غزہ میں جارحیت جاری، مزید 10 افراد شہید، ایک درجن سے زائد زخمی

26 دسمبر 2024

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری جاری ہے ،اسرائیلی فوج کے حالیہ حملوں میں جمعرات کی علی الصبح کم از کم 10 افراد شہید اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے مضافات میں واقع ضلع زیتون میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 5 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کئی افراد ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق ایک اور واقعے میں وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں الاودہ اسپتال کے قریب ایک گاڑی پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 صحافی مارے گئے۔

یہ صحافی القدس الیوم ٹیلی وژن چینل کے لیے کام کرتے تھے۔

فلسطینی میڈیا اور مقامی رپورٹرز کا کہنا ہے کہ گاڑی کو میڈیا وین کے طور پر نشان زد کیا گیا تھا اور صحافیوں نے اسے اسپتال اور نصرات کیمپ کے اندر سے رپورٹنگ کے لیے استعمال کیا تھا۔

ان حملوں پر فوری طور پر اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

بدھ کو فلسطینی گروپ حماس اور اسرائیل نے جنگ بندی معاہدہ مکمل کرنے میں ناکامی پر ایک دوسرے پر الزام عائد کیا، حالانکہ دونوں طرف سے پچھلے دنوں میں پیش رفت کی اطلاعات آئی تھیں۔

Read Comments