پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے بابر اعظم اور فاسٹ بولر محمد عباس کو اپنی پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔
بابر اعظم کو ناقص کارکردگی کے باعث انگلینڈ کے خلاف آخری دو ہوم ٹیسٹ میچوں کے لیے قومی اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے آخری میچ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔ انہوں نے رواں سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے پانچ میچوں میں 31 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم میں واپسی کی ہے۔
فاسٹ بولر خرم شہزاد جو انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے تھے ان کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
گرین شرٹس نے حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز میں مسلسل 3 بار صفر پرآؤٹ ہونے والے اوپنر عبداللہ شفیق کو ڈراپ کر دیا ہے۔پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون:
قومی ٹیم میں شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد رضوان، سعود شکیل، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف جاری تمام فارمیٹ کے دورے میں پاکستان کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ون ڈے سیریز میں 3-0 سے تاریخی وائٹ واش کیا۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریزمیں بھی کڑے مقابلے کی توقع ہے۔