پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
24اور 25 دسمبر 2024 کو، سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ضلع جنوبی وزیرستان کے عام علاقے سروغہ میں خوارج [دہشت گردوں] کی موجودگی کی اطلاع پر ایک آپریشن کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فوجیوں نے موثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں تیرہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خرجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے ، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فتنہ الخوارج کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کے دورے کے موقع پر افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
یہ دورہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں 16 جوانوں کی شہادت کے ایک روز بعد ہوا ہے۔