اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ، 100 انڈیکس میں 1,500 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست خریداری کے ایک روز بعد منگل کے روز اتار چڑھاؤ دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1500 پوائنٹس سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، انٹرا ڈے سیشن میں کے ایس ای 100 انڈیکس 115036.49 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لئے خریداری کے دباؤ کے باعث کے ایس ای 100 112,294.42 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,509.61 پوائنٹس یا 1.33 فیصد کی کمی سے 112,414.80 پوائنٹس پر بند ہوا۔

آٹوموبائل، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، بجلی کی پیداوار اور ریفائنریز سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔

حبکو، ایچ بی ایل، ایم سی بی اور این بی پی سمیت انڈیکس ہیوی سٹاک میں مندی کا رجحان رہا جبکہ پی پی ایل، او جی ڈی سی، ایس این جی پی، پی ایس او اور شیل کے حصص میں مثبت کاروبار ہوا۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ مارکیٹ میں کمی بنیادی طور پر بڑھتی ہوئی قرضے کی پوزیشنز کے بارے میں تشویش کی وجہ سے ہوئی، جس نے خطرات کے ادراک کو بڑھا دیا۔

اس نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے قرض لینے کے اخراجات نے سرمایہ کاروں کو اپنے پورٹ فولیوز میں کمی کرنے پر مجبور کر دیا۔ مزید یہ کہ دسمبر کے آخری چند دنوں کا معاہدہ مارکیٹ کے شرکاء پر اضافی دباؤ ڈال رہا تھا، جس کے نتیجے میں محتاط اور منتخب نوعیت کی تجارت کا رجحان دیکھا گیا۔

پیر کے روز پی ایس ایکس میں زبردست خریداری دیکھنے میں آئی اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 4400 پوائنٹس سے زائد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 13 ہزار924 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر منگل کے روز ایشیائی حصص کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔ امریکی محکمہ خزانہ کے منافع میں اضافے کی وجہ سے ڈالر دو سال کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔

مرکزی بینک کے حالیہ فیصلوں کے بعد، یہ ہفتہ بہت پرسکون ہے، جاپان کے اکتوبر کے اجلاس کے منٹس اور آسٹریلیا کے دسمبر کے منٹس منگل کی صبح جاری کیے گئے، جس میں اس وقت شرح سود کو برقرار رکھنے کے ان کے فیصلوں کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کی گئیں۔ فیڈ کی کوئی تقاریر نہیں ہیں اور امریکی اعداد و شمار ثانوی اہمیت کے حامل ہیں۔

باقی موضوعات تقریباً وہی رہے، جہاں ڈالر کی مضبوطی کموڈیٹی اور سونے کے لیے مشکل صورتحال پیدا کررہی ہے۔

یہ برازیل سے لے کر انڈونیشیا تک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے ممالک کے لئے بھی درد سر ہے جنہیں اپنی کرنسیوں کو بہت زیادہ گرنے اور مقامی افراط زر کو بڑھانے سے روکنے کے لئے مداخلت کرنا پڑ رہی ہے۔

جاپان سے باہر ایشیا بحرالکاہل کے حصص کے ایم ایس سی آئی کے وسیع ترین انڈیکس میں سیشن کے آغاز میں 0.35 فیصد کا اضافہ ہوا، جس سے وال اسٹریٹ کی راتوں رات کی تیزی کا پتہ چلتا ہے۔

دریں اثناء منگل کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 10 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 47 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس پر حجم پیر کے روز 857.83 ملین سے بڑھ کر 880.60 ملین ہوگیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 50.55 ارب روپے سے بڑھ کر 54.45 ارب روپے ہوگئی۔

ورلڈ کال ٹیلی کام 127.41 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی، اس کے بعد فوجی فوڈز لمیٹڈ 67.13 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور سوئی ساؤتھ گیس 33.56 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

منگل کو مجموعی طورپر 456 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 129 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 288 میں کمی جبکہ 39 میں استحکام رہا۔

Read Comments