صدر اور وزیراعظم کا قانونی معاملات پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت پر اتفاق

24 دسمبر 2024

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی ترقی کے لئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایوان صدر میں اپنی ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قانونی معاملات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کو ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے صدر زرداری کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی موجود تھے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments