پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے نیوٹرل مقام کے طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا انتخاب کرلیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
اس پیش رفت کا مطلب ہے کہ بھارت چیمپیئنز ٹرافی کے اپنے تمام میچ کھیلے گا۔ جن میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف کھیلا جانے والا میچ بھی شامل ہے۔
پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی اور یو اے ای کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے درمیان ملاقات کے بعد وینیو کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا گیا۔
شیخ نہیان اس وقت پاکستان میں ہیں اور ان کی اس معاملے میں شمولیت نے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
رواں ہفتے کے اوائل میں آئی سی سی نے تصدیق کی تھی کہ بھارت میزبان ملک پاکستان کا دورہ نہیں کرے گا اور اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے گا۔
یہ اقدام پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کا حصہ ہے جس کے مطابق دونوں ممالک 2024-2027 کے دوران آئی سی سی ایونٹس میں کسی بھی ملک کی میزبانی میں اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلیں گے۔
آئی سی سی نے مزید کہا کہ ہائبرڈ فارمولے کا اطلاق آئندہ آئی سی سی مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 (میزبانی پاکستان) کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 (میزبانی بھارت) اور آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 (بھارت اور سری لنکا کی میزبانی) پر بھی ہوگا۔