پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سنگ میل ثابت ہوگی،علیم خان

22 دسمبر 2024

وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی یورپ کے لئے پروازوں کا آغاز ایک مثبت قدم ہے اور یہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی اور ان آپریشنز سے قومی ایئرلائن کی ساکھ میں مزید اضافہ ہوگا۔

عبدالعلیم خان کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں حائل متعدد مسائل کو حل کر لیا گیا ہے اور بقیہ کام اور بقیہ معاملات جلد حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پی آئی اے کے خریداروں کے لیے دو اہم امور پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے بعد نئے طیاروں کی خریداری پر اٹھارہ فیصد سیلز ٹیکس ختم کر دیا جائے گا جبکہ پی آئی اے کے نقصانات بھی ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کر دیے جائیں گے۔

یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد پی آئی اے 10 جنوری 2025 سے اسلام آباد اور پیرس کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اعلان کیا کہ بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے منگل اور جمعہ کو پروازیں چلائی جائیں گی۔ ٹکٹوں کی بکنگ 7 دسمبر 2024 تک جاری رہے گی۔

اگرچہ اسلام آباد-پیرس آپریشن کی تصدیق ہو چکی ہے، لیکن لاہور-پیرس روٹ کی بحالی کی ٹائم لائن ابھی تک طے نہیں کی گئی ہے۔

یہ پیش رفت پی آئی اے کی چار سال کی پابندی کے بعد یورپی آسمانوں پر واپسی کی علامت ہے۔

پی آئی اے کا یورپی یونین میں آپریشن کا اجازت نامہ جون 2020 میں پاکستانی حکام اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی بین الاقوامی ایوی ایشن معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانے کی صلاحیت کے بارے میں خدشات پر معطل کردیا گیا تھا۔

Read Comments