کرم میں امن کا قیام اولین ترجیح، محسن نقوی کی علی امین گنڈاپور کو یقین دہانی

20 دسمبر 2024

وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کو یقین دلایا کہ کرم میں امن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر داخلہ نے اپیکس کمیٹی اجلاس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کرم میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے مکمل حمایت فراہم کریں گے۔ کرم میں امن قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیر داخلہ نے قبائلی علاقے میں طویل المدتی امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں وزراء کے درمیان ملاقات یسے وقت میں ہو رہی ہے جب کرم میں قبائلی جھڑپوں کی وجہ سے ہزاروں افراد پھنس گئے ہیں جن میں جولائی سے اب تک 200 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں ۔

افغانستان کی سرحد سے متصل ضلع کرم کے کچھ حصوں میں رہائشیوں نے خوراک اور ادویات کی قلت کی اطلاع دی ہے کیونکہ حکومت زرعی زمینوں پر دہائیوں سے جاری تناؤ کی وجہ سے دو قبائل کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرنے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔

یہ جھگڑے عموماً پہاڑی علاقے میں زمین کے تنازعات کی وجہ سے دوبارہ بھڑک اٹھتے ہیں۔

منگل کو امدادی پروازیں پاراچنار میں اتریں اور نجی فلاحی تنظیم ایدھی کے سربراہ شیر گل نے کہا کہ وہ موسم کے لحاظ سے ہفتے کے باقی دنوں میں پشاور شہر سے وادی کے لیے ایک دن میں کئی پروازیں چلائیں گے۔

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم ہر پرواز پر تقریباً تین زخمیوں کو واپس لانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور زخمیوں کے لیے ادویات فراہم کریں گے۔

Read Comments