ڈی ایٹ سمٹ: معاشی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

19 دسمبر 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاہرہ میں ڈیولپنگ ایٹ (ڈی ایٹ) کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے ڈی ایٹ انتہائی اہمیت کا حامل پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سربراہی اجلاس ”انتہائی نازک موڑ“ پر ہو رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی اتنی اہم ہے کہ اس کے بغیر نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن، خوشحالی اور ترقی ممکن نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ غزہ کی صورتحال، لبنان میں جنگ بندی خطے اور دنیا بھر میں اسرائیل کے قتل عام کے ممکنہ خطرے پر تبادلہ خیال کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔

نوجوانوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو کسی بھی معاشرے میں معاشی ترقی کا اہم محرک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان دونوں شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے ہم جامع اور مضبوط معیشتیں تشکیل دے سکتے ہیں جو آج اور کل کے عالمی چیلنجز کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور ایس ایم ایز کی مدد ہماری سماجی و اقتصادی ترقی اور ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ہماری 60 فیصد سے زیادہ آبادی 30 سال سے کم عمر ہے اور ہمارے پاس جدت طرازی اور ترقی کے امکانات موجود ہیں۔

وزیراعظم نے اس سے پہلے قاہرہ میں مصر کے تین روزہ دورے پر پہنچ کر ڈیولپنگ ایٹ ممالک کے گیارہویں سربراہی اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کی۔

مصر کے وزیر برائے عوامی کاروباری شعبہ، محمد شیمی اور قاہرہ میں پاکستان کے سفارتخانے کے سینئر حکام نے وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

Read Comments