ویزوں کے اجرا میں مسئلہ نہیں، ایف ٹی اے پر اسلام آباد کے دستخط کے منتظر ہیں، اماراتی قونصل جنرل

19 دسمبر 2024

کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیثی نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے لیے بات چیت آخری مراحل میں ہے اور جیسے ہی اسلام آباد معاہدے پر دستخط کرے گا اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

اماراتی قونصل جنرل نے اس تاثر کو بھی واضح طور پر مسترد کیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کی ویزا درخواستیں مسترد کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے متحدہ عرب امارات کی اولین ترجیح ہے۔

قونصل جنرل نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں امارات ورلڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے ایف ٹی اے کی موجودہ صورتحال سے متعلق بزنس ریکارڈ کو بتایا کہ ہم صرف آپ کے ملک (پاکستان) کا انتظار کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیثی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزاب، جو اس موقع پر موجود تھے، ایف ٹی اے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مستعدی سے کام کر رہے ہیں۔

ایف ٹی اے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف اشیاء پر درآمدی ڈیوٹی میں کمی کے بعد تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جو چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ (حماد عبید ابراہیم سلیم الزاب) پہلے ہی کراچی کی تاجر برادری کے ساتھ ملاقاتیں کر چکے ہیں، اماراتی سفیر حیدرآباد اور خیرپور سمیت بالائی سندھ میں واقع قصبوں اور شہروں میں تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل سابق نگران وزیر تجارت و صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ستمبر 2023 میں بتایا تھا کہ دونوں ممالک ایف ٹی اے کے پر دستخط کرنے والے ہیں جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت پر توجہ دی جائے گی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ بھارت اگلے سال کی چیمپئنز ٹرافی کے میچز نیوٹرل گراؤنڈ پر کھیلے گا کیونکہ اس نے ٹورنامنٹ کے میزبان اور اپنے روایتی حریف پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کئی ہفتوں کی بحث کے بعد کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تجارت کا حجم 2023 میں 6.22 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس میں پاکستان کی یو اے ای سے درآمدات 4.82 ارب ڈالر اور برآمدات 1.40 ارب ڈالر تھیں۔ یہ بات اقوام متحدہ کے ڈیٹا میں ٹریڈنگ ڈاٹ کام کے حوالے سے بتائی گئی ہے۔

یو اے ای کی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری:

کراچی کے اسکائی ٹاور میں ”ایمیرٹس ورلڈ“ شاندار افتتاحی تقریب کے حوالے سے یو اے ای کے قونصل جنرل نے کہا کہ یہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان میں نئی کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع کی ایک بہترین مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمیرٹس ورلڈ شاید خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس سے امارات کیلئے پاکستان کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے، پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے اور 2025 میں مزید ترقی کرے گی۔

پاکستانیوں کے لئے متحدہ عرب امارات کا ویزا:

ویزا کے اجراء سے متعلق خدشات کو دور کرتے ہوئے ڈاکٹر بخت عتیق الرومیثی نے واضح طور پر کہا کہ پاکستانیوں کو ویزا جاری کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

تاہم اس سے قبل بہت سے پاکستانیوں نے شکایت کی تھی کہ امارات نے کوئی ٹھوس وجہ بتائے بغیر ان کی ویزا درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ اس پیش رفت سے پتہ چلتا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لئے اپنی ویزا پالیسی پر نظر ثانی کی ہے۔

بعض افراد کا خیال ہے کہ متحدہ عرب امارات نے صرف پاکستان کے انتہائی ہنر مند کارکنوں کو ورکنگ ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Read Comments