ایشیائی ٹریڈنگ کے آغاز میں منگل کو خام تیل کی قیمتیں محدود رینج میں رہیں کیونکہ سرمایہ کار چینی طلب کے بارے میں تشویش کا شکار ہیں اور بدھ کو ہونے والے امریکی شرح سود کے فیصلے سے مارکیٹ کی مزید سمت کا انتظار کررہے ہیں۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 6 سینٹ سستا ہوکر 70.65 ڈالر فی بیرل جب کہ برینٹ کروڈ فیوچر ایک فیصد کی کمی سے 73.90 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا۔
آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سیکامور کے مطابق قیمتوں پر پچھلے ہفتے کے 6 فیصد اضافے کے بعد منافع کی فروخت اور گزشتہ روز جاری ہونے والے مایوس کن چینی اقتصادی اعدادوشمار کا اثر پڑا۔
پیر کے روز قیمتیں چین سے صارفین کی اخراجات کے اعداد و شمار میں غیر متوقع کمزوری کی وجہ سے کئی ہفتوں کی بلند ترین سطح سے نیچے آ گئیں، حالانکہ صنعتی پیداوار میں مضبوطی دیکھنے کو ملی۔ اس کے علاوہ، سرمایہ کاروں نے امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس سے پہلے محتاط رویہ اختیار کیا۔
فیڈ سال کا اپنا آخری پالیسی اجلاس منگل اور بدھ کو منعقد کرے گا، جہاں وسیع پیمانے پر شرح سود میں ایک چوتھائی فیصد کمی کی توقع ہے.
اجلاس میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی کہ حکام کے خیال میں وہ 2025 اور 2026 میں شرح سود میں کس حد تک کمی کریں گے اور کیا مرکزی بینک آنے والی ٹرمپ انتظامیہ کے تحت افراط زر میں اضافے کی توقع میں نرمی کو کم کرے گا۔
کم شرح سود اقتصادی ترقی اور تیل کی طلب کو فروغ دے سکتی ہے۔