قرض کی پائیداری کا جائزہ

17 دسمبر 2024

وزارت خزانہ کے قرض پائیداری جائزے میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ قرض کی پائیداری کا حصول مالیاتی استحکام اور شرح نمو اور شرح سود کے درمیان سازگار فرق پر منحصر ہے۔ تجزیے کے مطابق ڈیبٹ ڈائنامکس بیرونی اور داخلی عوامل سے متاثر ہوتی ہیں اور درمیانی مدت میں ڈیبٹ ڈائنامکس میں بہتری کے باوجود عوامی قرضوں کے خطرات زیادہ رہتے ہیں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اکتوبر 2024 میں اپ لوڈ کی گئی دستاویزات میں شامل خودمختار خطرات اور قرض پائیداری کے تجزیے میں کہا گیا کہ درمیانی مدت میں خطرہ زیادہ ہے، جو ”پروگرام کے غیر مساوی نفاذ، سیاسی خطرات اور دوطرفہ مالی امداد کے پیش نظر اعلیٰ مالیاتی ضروریات“ پر مبنی ہے۔ طویل مدت میں خطرہ معتدل ہے، حالانکہ “پالیسیوں اور ساختی اصلاحات میں ناکافی پیشرفت ممکنہ ترقی میں رکاوٹ ڈال سکتی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان اپنی نسبتا نوجوان آبادی کے ساتھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کے ذریعے بھی بہت زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کیلئے بھی بہت حساس ہے، جیسے کہ بار بار آنے والے سیلاب اور خشک سالی، اور ضروری موافقت کی لاگتیں قرض کی کمی اور مالی ضروریات کو کم کرنے میں رکاوٹ ڈالیں گی۔ آئی ایم ایف کے عملے کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر خطرہ بہت زیادہ ہے اور ان کا مشورہ ہے کہ “مالی استحکام پر توجہ مرکوز کی جائے جس کی بنیاد محصولات کو متحرک کرنے اور محتاط اخراجات کے انتظام پر مرکوز ہے، جس میں ترقی، انفرااسٹرکچر اور سماجی تحفظ پر انتہائی ضروری اخراجات کے لئے جگہ پیدا کرنا شامل ہے، جبکہ سرکاری قرضوں کو نیچے کی طرف رکھنا بھی شامل ہے۔

اب تک 3 دوست ممالک— چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات — کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی مکمل ادائیگی نہیں کی گئی تاہم ان وعدوں کو پورا کرنے سے انکار کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔

اسی دوران مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے وفاقی اور صوبائی اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ اخراجات میں 10 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ اس عرصے کے دوران ڈسکاؤنٹ ریٹ میں مسلسل کمی کے باوجود ہے (جس سے ملکی قرضوں کی ادائیگی کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے)۔ بجٹ میں 1217 ارب روپے کا صوبائی سرپلس خطرے میں ہے حالانکہ رواں سال 11 سے 15 نومبر تک آئی ایم ایف کی ٹیم کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران پہلی سہ ماہی میں پنجاب کا 140 ارب روپے کا خسارہ راتوں رات 40 ارب سرپلس تک اپ ڈیٹ کیا گیا تھا جس نے جائز طور پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دیگر 3 صوبوں میں خسارہ ظاہر ہوا ہے۔ دوسرے الفاظ میں، موجودہ اخراجات میں نمایاں اضافہ اور صوبائی سرپلس کے وفاقی بجٹ کے لیے محصول کے طور پر حاصل ہونے کا امکان نہ ہونے کی صورت میں، قرض کی پائیداری کا انحصار حکومت کی اس صلاحیت پر ہوگا کہ وہ نہ صرف بیرونی ذرائع سے متعین فنڈز حاصل کرے، بلکہ اگر ممکن ہو تو مزید قرضے بھی حاصل کرے۔

مالیاتی اصلاحات اس حکومت کے لیے بھی اتنی ہی چیلنج ہیں جتنی کہ اس سے قبل کی حکومتوں کے لیے تھیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مؤقف یہ ہے کہ اصلاحات کا مقصد ٹیکس نیٹ کو ”ادائیگی کی استطاعت“ کے اصول پر وسیع کرنا ہے، نہ کہ اس طریقہ پر جو حکومتوں نے آسانی سے وصولی کی بنیاد پر اپنایا تھا؛ بدقسمتی سے، اس عارضی عرصے میں انہوں نے اپنے پیشروؤں کی طرح موجودہ ٹیکس دہندگان پر ٹیکسز میں اضافہ کرنے کا انتخاب کیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ 75 سے 80 فیصد تمام وصولیاں بالواسطہ ٹیکسز سے ہوں گی، جن کا بوجھ غریبوں پر امیروں سے زیادہ پڑتا ہے۔

اگرچہ ماضی میں غربت کی شرح 41 فیصد جیسی بلند سطح تک نہیں پہنچی تھی، جو بالواسطہ ٹیکسز پر مسلسل انحصار کے نتیجے میں دہائیوں میں ہونے والے اضافے کی عکاسی کرتی ہے، آج کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ یہ ایک ایسی رکاوٹ ہے جس کا وزیر خزانہ نے اعتراف کیا ہے، حالانکہ ان کی توجہ ابھی تک ٹیکس کے غیر مساوی ڈھانچے کی اصلاح کرنے کے بجائے محصول بڑھانے پر مرکوز ہے۔

اس دلدل سے نکلنے کا ایک طریقہ موجودہ اخراجات کو کم کرنا ہوگا، جو ترقی میں کوئی کردار ادا نہیں کرتے لیکن چونکہ اسے معیشت میں بڑے پیمانے پر نقدی کی فراہمی سے سپورٹ کیا جاتا ہے، اس کا اثر فطری طور پر مہنگائی پیدا کرتا ہے۔

بزنس ریکارڈر مسلسل یہ تجویز کرتا رہا ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے، بیرونی مالی امداد پر انحصار کم کرنے اور اس دوران آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ایمرجنسی اقدامات کو نافذ کرنے کی ضرورت کو کم کرنے کے لیے موجودہ اخراجات میں دو سال کے لیے اہم وصول کنندگان کی طرف سے رضاکارانہ قربانی کے ذریعے بڑے پیمانے پر کمی کی جائے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اب تک اس اخراجات کو کم کرنے کے لیے کوئی ظاہری یا پوشیدہ مہم دکھائی نہیں دیتی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments