حکومت کا اسلام آباد کو الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ماڈل سٹی بنانے کا عزم

12 دسمبر 2024

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے حکومت کے الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کے استعمال کو فروغ دینے کے عزم کے تحت اسلام آباد کو الیکٹرک گاڑیوں کے لئے ماڈل سٹی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔

وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق رانا تنویر نے یہ بات الیکٹرک وہیکلز (ای وی) پالیسی سے متعلق چوتھے اجلاس کے دوران کہی۔

اجلاس میں ای وی پالیسی سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی طلب کو پورا کرنے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے تمام پٹرول پمپس پر چارجنگ اسٹیشنز قائم کریں۔

رانا تنویر نے ای وی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے متعدد اقدامات کا بھی اعلان کیا جس میں فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلباء کو مفت الیکٹرک بائیکس دینا بھی شامل ہے۔ مزید برآں 39 ہزار ای بائیکس اور 1900 الیکٹرک رکشے رعایتی قرضوں پر فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں موٹرویز اور ہائی ویز پر 40 چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ رانا تنویر حسین نے شفافیت اور معلومات تک آسان رسائی کے لیے تمام عمل کو ڈیجیٹائز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم کے وژن کے مطابق اسلام آباد ایک ماڈل شہر بنے گا جہاں الیکٹرک گاڑیوں کا وسیع پیمانے پر استعمال ہوگا۔

اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ای وی پالیسی جلد لانچ کی جائے گی جس سے ملک کے ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم کو مزید تقویت ملے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ رانا تنویر نے اعلان کیا تھا کہ نومبر کے آخر تک ای وی پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا۔

اس پالیسی کا مقصد مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا اور ملک میں پائیدار نقل و حمل کے نظام کو یقینی بنانے کے لئے نئی توانائی کی گاڑیوں (این ای وی) سمیت ای وی کو جلد اپنانا ہے۔

Read Comments