آئی جی آئی انویسٹمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے پاکستان کی فوڈ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے اہم ادارے، مچل فرٹ فارمز لمیٹڈ (ایم ایف ایف ایل)، میں نمایاں حصص حاصل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔
آئی جی آئی انویسٹمنٹ کی پیرنٹ کمپنی ایل جی آئی ہولڈنگز لمیٹڈ نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
آئی جی آئی انویسٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے 11 دسمبر 2024 کو منعقدہ اپنے اجلاس میں مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ (مچلز) کے دو اہم شیئر ہولڈرز سیدہ میمنت محسن اور سیدہ متانت غفار (کافی شیئر ہولڈرز) سے 40.63 فیصد حصص کی خریداری کے ممکنہ لین دین کا جائزہ لینے اور جانچ پڑتال کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
آئی جی آئی انوسٹمنٹس نے واضح کیا کہ مجوزہ ٹرانزیکشن مناسب جانچ پڑتال، ٹرانزیکشن اسٹرکچر کو حتمی شکل دینے، اہم شیئر ہولڈرز کے ساتھ خریداری کی قیمت پر بات چیت، تمام متعلقہ کارپوریٹ اور قانونی منظوریوں کی تکمیل اور 2015 کے سیکیورٹیز ایکٹ سمیت متعلقہ قوانین کی تعمیل سے مشروط ہوگی۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ وہ پہلے ہی مچلز میں 3.72 فیصد شیئر ہولڈنگ رکھتی ہے۔
آئی جی آئی انویسٹمنٹس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی و ڈی) نے اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور مجاز ڈائریکٹرز کو مشترکہ طور پر یا انفرادی طور پر یہ اختیار دیا ہے کہ وہ متعلقہ قوانین کے تحت ضروری اقدامات کریں، جن میں خریداری کی قیمت پر مذاکرات، معاہدے کے ڈھانچے کو حتمی شکل دینا، قانونی اور مالیاتی مشیروں کی تقرری، اور سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کے تحت منیجر ٹو دی آفر کی تقرری شامل ہے ۔
مچلز ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے، جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹڈ ہے اور بنیادی طور پر مختلف کنفیکشنری اور گروسری مصنوعات کی تیاری اور فروخت میں مصروف ہے۔
یہ اعلان سی سی ایل فارماسیوٹیکل کے ماتحت ادارے سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے گزشتہ ماہ ایم ایف ایف ایل میں 50 فیصد حصص حاصل کرنے اور کنٹرولنگ انٹرسٹ حاصل کرنے کے ارادے (پی اے آئی) کا اعلان کرنے کے فورا بعد سامنے آیا ہے۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب ایم ایف ایف ایل نے یہ اطلاع دی کہ اس کے اکثریتی شیئر ہولڈرز،سیدہ میمنت محسن اور سیدہ متانت غفار اپنے حصص فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تاہم چند روز قبل ایم ایف ایف ایل کے اہم شیئر ہولڈرز نے فیصلہ کیا کہ وہ سی سی ایل ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو اپنے حصص کی فروخت کے حوالے سے بات چیت جاری نہیں رکھیں گے۔