شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، جوان شہید، 7 خوارج ہلاک

11 دسمبر 2024

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہوئے۔

اس کے علاوہ فورسز نے اسپن وام کے علاقے میں ایک اور آپریشن کے دوران مزید 3 خوارج کو جہنم واصل کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ لانس نائیک محمد امین شہید ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

2021 میں افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان میں عسکریت پسندی میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور کالعدم ٹی ٹی پی اپنے بیشتر حملوں میں فورسز کو نشانہ بناتی ہے۔

منگل کو بلوچستان کے ضلع ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فورسز نے 15 خوارج کو ہلاک کردیا تھا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے فوجی جوان شہید ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 10 دسمبر کو ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی پر کیا گیا تھا۔

رواں ہفتے کے اوائل میں سیکیورٹی فورسز نے کے پی کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔

Read Comments