پاکستان کو 2025 کی پہلی سہ ماہی تک فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے برطانوی ایوی ایشن حکام سے منظوری ملنے کا امکان ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل نادر شفیع ڈار نے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ برطانوی ایوی ایشن حکام جنوری 2025 میں پاکستان کا اہم دورہ کریں گے۔ اس سے قبل دونوں فریقین دسمبر 2024 کے تیسرے ہفتے میں آن لائن ملاقات کرنے والے ہیں۔
نادر شفیع ڈار نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ سول ایوی ایشن اتھارٹی برطانیہ کے حکام جنوری 2025 کے تیسرے ہفتے میں دورہ کریں گے اور انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان کے جائزے کے چند ہفتوں کے اندر آپریشنل کلیئرنس مل جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جائزہ یورپی یونین کے حالیہ جائزے سے ملتے جلتے معیار پر عمل کرے گا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ نادر شفیع ڈار نے کہا کہ ان سازگار نتائج نے اگلے چند ماہ میں برطانیہ میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کے لیے پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کیا ہے۔
معطلی سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) برطانیہ کے لیے ہفتہ وار 21 پروازیں آپریٹ کرتی تھی جن میں لندن کے لیے 10، مانچسٹر کے لیے 9 اور برمنگھم کے لیے 2 پروازیں شامل تھیں۔ پی آئی اے حکام کو توقع ہے کہ یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازیں بحال ہونے کے بعد آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
ممکنہ بحالی سے برطانیہ اور یورپ کا سفر کرنے والے پاکستانی مسافروں کے لئے کنکٹویٹی میں خاطر خواہ بہتری آسکتی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024