بیگاس سے چلنے والے 8 آئی پی پیز، کابینہ نے تصفیے کے معاہدوں کی منظوری دیدی

  • اس اقدام کے نتیجے بجلی کی قیمتیں کم اور قومی خزانے کو 238 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
11 دسمبر 2024

ایک اہم پیش رفت میں وفاقی کابینہ نے آٹھ بیگاس سے چلنے والے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ تصفیے کے معاہدوں کی منظوری دے دی ہے۔

منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارت توانائی و پاور ڈویژن کی سفارشات پر آئی پی پیز کے تصفیے کی منظوری دی گئی۔

ان معاہدوں کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے ان پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کے ٹیرف میں کمی کے لیے رابطہ کرے گی۔

اس اقدام کے نتیجے میں عوام کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے اور قومی خزانے کو ایک اندازے کے مطابق 238 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور تمام فیصلوں میں قومی مفادات کو ترجیح دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نجی شعبے کی ترقی اور صنعتی ترقی کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق منظور شدہ پاور پلانٹس میں جے ڈی ڈبلیو یونٹ ون، جے ڈی ڈبلیو یونٹ ٹو، آر وائی کے ملز، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، المعیز انڈسٹریز، تھل انڈسٹریز اور چنار انڈسٹریز شامل ہیں۔

اجلاس میں شام کی تازہ ترین صورتحال اور پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے تازہ ترین امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کو موجودہ نازک صورتحال میں شام سے پاکستانی شہریوں کے انخلا کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شام میں پھنسے 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 سے زائد بحفاظت بیروت پہنچ چکے ہیں جہاں سے انہیں پاکستان واپس لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید برآں، شام میں موجود 20 پاکستانی اساتذہ اور طلباء میں سے 7 اساتذہ پہلے ہی بیروت پہنچ چکے تھے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ شام اور لبنان میں پاکستانی سفارتخانے ہر ممکن اقدامات کے ذریعے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

اجلاس میں بریگیڈیئر عاصم بشیر وڑائچ کو وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ میں ممبر پروڈکشن کنٹرول تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر کابینہ نے خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن (این سی ایس ڈبلیو) کے لئے ایک فنڈ کے قیام کی منظوری دی۔

اس فنڈ کا مقصد پاکستان میں خواتین کے حقوق کی حمایت اور ترقی کے لئے کمیشن کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments