غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 19 فلسطینی شہید ہو گئے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ کے وسطی اور جنوبی حصوں کے علاقوں میں گھس کر حملہ کیا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کے علاقے بیت حنون میں اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد شہید اور کثیرالمنزلہ عمارت میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
وسطی غزہ کی پٹی میں نصرات پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر ہونے والے ایک اور فضائی حملے میں کم از کم سات افراد شہید ہو گئے۔
طبی عملے اور فلسطینی سول ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک اور حملے میں غزہ کے جنوب میں رفح میں دو افراد کو شہید کر دیا گیا۔
غزہ کے وسطی شہر دیر البلاح میں اسرائیلی بحریہ نے چھ فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا ہے جو بحیرہ روم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں اب تک 44 ہزار 700 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔