سندھ کا گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر ختم کرنے کا مطالبہ

07 دسمبر 2024

وزیرتوانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے صوبے میں گیس کی بڑھتی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا نوٹس لیتے ہوۓ سیکریٹری توانائی کو وفاقی حکومت کو خط لکھنے کی ہدایت جاری کردی۔

ایک بیان میں ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ ملک میں قدرتی گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن اس کے باوجود صوبے کے عوام اس وسائل سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم سرما شروع ہوتے ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی جس سے بچے ناشتے کے بغیر اسکول جانے پر مجبور ہوگئے جس سے ان کی تعلیمی صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے مطالبہ کیا کہ گیس کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے آرٹیکل 158 پر عمل درآمد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے کا اس پر پہلا حق ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں سندھ کی نمائندگی یقینی بنائی جائے ،نماٸندگی نہ ہونے کی وجہ سے سندھ کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔

صوبائی وزیر توانائی نے صدر اور وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ سندھ میں گیس کی قلت کا فوری نوٹس لیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments