وزیراعظم شہباز شریف کا دہشت گردی کے خاتمے کا عزم

07 دسمبر 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران 80 ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے 2018 میں اس لعنت کا خاتمہ کیا تھا لیکن بدقسمتی سے دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے اپیکس کمیٹی کے متعدد اجلاس منعقد کئے گئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی جانب سے ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے عظیم قربانیاں دی جارہی ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

پاکستان نیوی کی صلاحیتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک نیوی کے افسران اور ملاحوں میں ملک کے تمام قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی عزم اور صلاحیت موجود ہے، جس کی بدولت پاکستان نیوی ایک طاقتور فورس بن چکی ہے جو ملک کی بحری سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے قابل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین میری ٹائم سیکٹر میں بھی پاکستان کو معاونت فراہم کر رہا ہے۔ گوادر پورٹ مکمل طور پر فعال ہونے سے پاکستان مزید خوشحال ہوگا۔

Read Comments