حکومت کا آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کے عزم کا اظہار

06 دسمبر 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے 37 ماہ کے پروگرام کی ہموار اور کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے پاکستان کے لیے نئے ریزیڈنٹ نمائندے ماہر بنیچی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کو میکرو اکنامک ریفارمز اور اسٹرکچرل ایڈجسٹمنٹ کا پاکستان کا اپنا پروگرام قرار دیا۔

انہوں نے آئی ایم ایف کے پاکستان کے لیے نئے ریزیڈنٹ نمائندے کو بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان بہت واضح ہے کہ گزشتہ 14 ماہ کے دوران ہم نے جو اعتماد اور ساکھ حاصل کی ہے اسے برقرار رکھنا چاہیے تاکہ جامع اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی جا سکے۔

انہوں نے ماہر بنیچی کو پاکستان میں ان کی تعیناتی پر باضابطہ خیر مقدم کیا اور انہیں اپنی سرکاری ذمہ داریاں نبھانے اور حکومت پاکستان کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر مشاورت کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ماہر بنیچی نے بھی آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

Read Comments