اوپیک پلس اجلاس سے قبل خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2024

خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاجروں کو رواں ہفتے کے آخر میں اوپیک پلس اجلاس کے نتائج کا انتظار ہے جس کی وجہ سے ٹریڈنگ محدود حد میں رہی ۔

برینٹ کروڈ فیوچر 31 سینٹ یا 0.4 فیصد اضافے سے 72.14 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا، یاد رہے کہ گزشتہ سیشن میں برینٹ ایک فیصد کمی سے 72.14 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 26 سینٹ یا 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 68.36 ڈالر پر رہا۔

پروڈیوسر گروپ کے ذرائع نے بتایا کہ اوپیک پلس اپنے 5 دسمبر کے اجلاس میں حالیہ پیداواری کٹوتیوں کو پہلی سہ ماہی کے اختتام تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

گولڈ مین ساکس کے تجزیہ کاروں نے ایک نوٹ میں کہا کہ روس، قازقستان، اور عراق کی جانب سے پیداوار میں کٹوتیوں پر عملدرآمد میں اضافے، برینٹ کی کم قیمت اور میڈیا رپورٹس میں اشاروں کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم اپریل تک اوپیک پلس کی پیداوار میں کٹوتیوں کے تسلسل کی توقع کرتے ہیں۔

اوپیک پلس جس میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور روس جیسے اتحادی شامل ہیں، 2025 کی پہلی سہ ماہی تک پیداوار میں کٹوتیوں کو ختم کرنے کے منصوبے پر غور کررہا ہے۔

تاہم اضافی سپلائی کے امکانات نے قیمتوں پر دباؤ ڈال دیا ہے، یہ گروپ دنیا کی تقریباً نصف تیل پیداوار کا ذمہ دار ہے۔

فلپ نووا کی سینئر مارکیٹ تجزیہ کار پرینکا سچدیوا نے کہا کہ میرے خیال میں اسے مؤخر کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ التوا شاید ایک ماہ یا اس سے کچھ زیادہ ہو کیونکہ شراکت دار ممالک کی جانب سے پیداوار بڑھانے کا دباؤ کافی زیادہ ہے۔

مثبت عوامل کی کمی اور کم طلب کے درمیان پرینکا سچدیوا کا خیال ہے کہ تیل کی قیمتیں محدود رینج میں ٹریڈ کریں گی، جس کا جھکاؤ نیچے کی طرف ہو گا۔ محققین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صارفین کے لحاظ سے صورتحال کمزور رہنے کی توقع ہے، کیونکہ چین کی تیل کی مانگ اگلے سال تک اپنے عروج کو پہنچنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے، جس سے طلب اور سپلائی کے درمیان فرق مزید بڑھ جائے گا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے تیل کے برآمد کنندہ سعودی عرب کی توقع ہے کہ وہ ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل کی قیمتوں کو کم کر دے گا، جو کم از کم چار سالوں میں سب سے کم سطح پر ہوں گی

امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے دسمبر میں ہونے والے اجلاس میں شرح سود میں کمی نہ کرنے کے خدشات نے تیل کی قیمتوں کو بھی محدود کر دیا ہے جس سے چین کی جانب سے مثبت اشارے ملے ہیں، جہاں پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس نومبر میں سات ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اٹلانٹک کے دونوں اطراف تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے 3 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی۔

فیڈرل ریزرو کے گورنر کرسٹوفر والر، جن کے خیالات اکثر امریکی مانیٹری پالیسی کے لیے ایک اشارہ ہوتے ہیں، نے کہا کہ وہ اس ماہ مزید شرح سود میں کمی کی حمایت کرنے کے لیے مائل ہیں، لیکن اٹلانٹا فیڈرل ریزرو کے صدر رافیل بوسٹک نے کہا کہ فیڈ کو ابھی بھی آئندہ روزگار کے اعداد و شمار پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔

مشرق وسطیٰ میں، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی میں خلا برقرار رہے، جس کے نتیجے میں جنوبی لبنان کے دو شہروں پر حملوں میں 9 افراد مارے گئے۔ یہ حملے پیر کو حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی پوزیشن پر میزائل حملے کے فوراً بعد ہوئے، جو متنازعہ شباعہ فارمز کے علاقے میں واقع تھا۔

Read Comments