سعودی عرب کے ساتھ 7 مفاہمتی یادداشتیں 560 ملین ڈالر کے معاہدوں میں تبدیل

02 دسمبر 2024

پاکستان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ 34 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے ہیں جن میں سے 7 معاہدوں میں تبدیل ہو چکے ہیں، جن کی مالیت 560 ملین ڈالر ہے۔

یہ بات وزیراعظم شہباز شریف کو بتائی گئی ، جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سعودی عرب دیرینہ دوست ہے اور اس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

اکتوبر میں سعودی عرب نے پاکستان میں حال ہی میں اعلان کردہ 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں مزید 600 ملین ڈالر شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس بات کا اعلان اکتوبر میں وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران کیا گیا تھا۔ ملاقات کے بعد سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان میں 2.2 ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے 27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ولی عہد سے ملاقات اور ان کی بات چیت کے بعد مفاہمتی یادداشتوں کی تعداد 27 سے بڑھا کر 34 کردی گئی تاکہ 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اضافہ کیا جاسکے جس سے اس کا حجم 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

Read Comments