یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے نئے اعلیٰ عہدیداروں کا بطور اظہار یکجہتی یوکرین کا دورہ

01 دسمبر 2024

یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالس اتوار کو یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچے جنہوں نے نئی ذمے داریاں ملنے کے بعد پہلے روز روس کیخلاف جنگ میں یوکرین کی حمایت کا پیغام دیا۔

کوسٹا نے ایک تصویر کے ساتھ ایکس پر تصویر پوسٹ کی جس کے کیپشن میں کہا گیا کہ جنگ کے پہلے دن سے ہی یورپی یونین نے یوکرین کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد کیا ہے۔ اس تصویر میں کوسٹا کالس اور یورپی یونین کے توسیع سے متعلق ادارے کے سربراہ مارٹا کوس کے ساتھ ٹرین کے ذریعے پہنچتے دکھائی دے رہے ہیں۔

یورپی کونسل کے صدر کے بیان کے مطابق ہمارے اختیارات کے پہلے دن سے ہم یوکرین کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کر رہے ہیں۔

کالس اور کوسٹا دونوں فروری 2022 میں روس کے حملے کے بعد سے یوکرین کے مضبوط حامی رہے ہیں اور ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب کیف آئندہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد روس کے بڑھتے ہوئے حملے اور اس کے بارے میں امریکی پالیسی کی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کررہا ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس کے اداروں اور رکن ممالک نے روس کے ساتھ جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین کو 133 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں کالس نے مزید کہا ہے کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے دورے میں میرا پیغام واضح ہے کہ یورپی یونین چاہتی ہے کہ یوکرین یہ جنگ جیت لے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ جنگ جیتنے کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑے گا ہم کریں گے۔

Read Comments