پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعے کے کاروباری روز بھی مثبت رحجان جاری رہا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے نہ صرف ایک روز قبل حاصل کیے گئے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل برقرار رکھا بلکہ نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاروں کا جوش و جذبہ برقرار رہا جس کی بدولت کاروباری سیشن کے دوران خریداری کی رفتار میں اضافہ ہوا۔
اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,274.55 پوائنٹس یا 1.27 فیصد اضافے کے ساتھ 101,357.32 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری کے شعبوں سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔
اے ٹی آر ایل، حبکو، ایس ایس جی سی، پی پی ایل، او جی ڈی سی، ایم ای بی ایل، این بی پی اور ایم سی بی کے حصص میں کاروبار ہوا۔
یاد رہے کہ جمعرات کے روز پی ایس ایکس نے تاریخ رقم کی تھی اور اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔اسلام آباد میں پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے ہفتے کے اوائل میں مندی کے بعد نمایاں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کے ایس ای 100 انڈیکس کی بہترین کی وجوہات میں کارکردگی شرح مبادلہ میں استحکام، 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایک اور معاہدہ انڈیکس کے ہیوی اسٹاکس کی آمدنی میں بہتری اور مالیاتی نرمی کا امتزاج جیسے عوامل ہیں۔
عالمی سطح پر جمعے کے روز ایشیائی حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جبکہ ین چار ماہ میں اپنی بہترین ہفتہ وار کارکردگی کی جانب گامزن تھا کیونکہ مقامی افراط زر کے مضبوط اعداد و شمار کی وجہ سے تاجروں نے بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود میں اضافے کی توقع کی ہے۔
تھینکس گیونگ کی تعطیلات کی وجہ سے امریکی حصص اور خزانے میں رات بھر کاروبار بند رہا جس سے ایشیا کیلئے بہت کم برتری حاصل رہی۔
جاپان سے باہر ایشیا پیسیفک کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس 0.3 فیصد گر گیا اور ہفتے کے دوران 0.5 فیصد کم رہا۔
ٹوکیو کے افراط زر کے اعداد و شمار کے بعد ین میں اضافے کی وجہ سے جاپان کا نکی 0.7 فیصد گر گیا۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جاپان کے دارالحکومت میں بنیادی صارفین کی قیمتوں میں نومبر میں تیزی آئی اور قیمتوں کے دباؤ میں اضافہ مرکزی بینک کے 2 فیصد ہدف سے اوپر رہا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم جمعرات کے روز کے 1,164.79 ملین کے مقابلے میں کم ہو کر 915.51 ملین رہ گیا۔
حصص کی قیمت گزشتہ سیشن کے 39.78 ارب روپے سے کم ہو کر 35.98 ارب روپے رہ گئی۔
بی او پنجاب 95.56 ملین شیئرز کے ساتھ سب سے آگے رہا، اس کے بعد کے الیکٹرک لمیٹڈ 55.53 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور سوئی سدرن گیس 44.80 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
جمعہ کو 454 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 265 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 137 میں کمی جبکہ 52 میں استحکام رہا۔