پاکستان اور عالمی بینک کا انسداد اسموگ کا منصوبہ تیار کرنے پر اتفاق

28 نومبر 2024

عالمی بینک اور پاکستان میں حکام نے انسداد اسموگ کا جامع منصوبہ تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ ملک کو ریکارڈ فضائی آلودگی کا سامنا ہے۔

یہ پیش رفت جمعرات کو عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تعاون کے ذریعے اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورلڈ بینک اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی مشترکہ ٹیم انسداد اسموگ پلان تیار کرے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ رواں سال ایئر کوالٹی انڈیکس 271 تک پہنچ گیا۔

انہوں نے اسلام آباد کے فضائی معیار کو بہتر بنانے میں عالمی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا، “صورتحال خطرناک حد تک پہنچنے سے پہلے، ہمیں ایک جامع انسداد اسموگ منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں اسموگ نے حساس شہریوں کی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے، گزشتہ 30 دنوں کے دوران تقریبا 1.93 ملین افراد سانس اور متعلقہ بیماریوں کے لئے ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسموگ، جو نظر میں کمی، معاشی نقصانات اور طویل مدتی صحت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے، صنعتی اور گاڑیوں کے دھویں کے اخراج، فصلوں کو جلانے اور تعمیراتی دھول سمیت متعدد عوامل کے امتزاج کی وجہ سے ہے۔

دریں اثناء عالمی بینک کے عہدیدار سے ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

دریں اثنا، وزیر داخلہ نے جمعرات کو اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی معیار کی تشخیص کی رپورٹ کے ذریعے اسموگ کی اصل وجوہات کا پتہ لگانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اینٹی اسموگ مشینوں کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے اور بنیادی مقصد اسلام آباد کے شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم عالمی بینک کی مدد سے اسلام آباد میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے خواہاں ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ شہر کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اسلام آباد میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں اور دیہی علاقوں کی بہتری بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، شہریوں کو صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی فراہمی بھی حکومت کے اہداف میں شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں واسا کے ادارے کی جگہ اسلام آباد واٹر لے رہا ہے۔

دریں اثنا ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے محسن نقوی کو اسموگ پر قابو پانے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ سی ڈی اے کی مشاورت سے انسداد اسموگ حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے تیار ہیں اور رپورٹ سے مسئلے کی اصل وجہ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

Read Comments