اسٹاک ایکسچینج کی ریکارڈ سطح حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، شہباز شریف

28 نومبر 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرگیا ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے اس کامیابی کا سہرا حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد اور قومی معیشت کو چلانے کے لیے معاشی ٹیم کی کوششوں کو دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرگئی ہے جو کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے انتھک محنت کرنے والے حکام اس سنگ میل کے حصول پر تعریف کے مستحق ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے صرف 17 ماہ میں 40،000 سے 100،000 تک 150 فیصد منافع درج کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شرح مبادلہ میں استحکام، 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی انتظامات سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایک اور طویل سہولت میں منتقلی، انڈیکس ہیوی سیکٹر کی آمدنی میں بہتری اور مالیاتی نرمی کے بعد اسٹاک کے لئے عام مزاج کا امتزاج کے ایس ای 100 کے غیر معمولی اضافے کے پیچھے چند عوامل تھے۔

دریں اثنا وزیراعظم نے اپنے بیان میں پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا عہد کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے استحکام اور ترقی کے دشمن ایک بار پھر قوم کو پٹری سے اتارنے کی مذموم اور ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے معاشی استحکام کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حالیہ کامیابیوں جیسے افراط زر اور شرح سود میں کمی کو اجاگر کیا جو 15 فیصد تک گر گئی ہیں اور ریکارڈ زیادہ ترسیلات زر درج کی گئی ہیں۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم ملک کی ترقی کے لئے تندہی سے کام کرتے رہیں گے اور ملک کی ترقی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔

Read Comments