سونے کی فی تولہ قیمت میں 1600 روپے کا اضافہ

27 نومبر 2024

گزشتہ دو روز مسلسل کمی کے بعد بدھ کو عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کے نرخ بڑھنے کے تناظر میں پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک روز میں 1600 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 75 ہزار 900 روپے ہوگئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 1372 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 36 ہزار 540 روپے ہوگئی۔

یاد رہے منگل کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی ۔

بدھ کو سونے کے بین الاقوامی نرخ میں اضافہ ہوا۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمیت 16 ڈالر کے اضافے 2،647 ڈالر ہوگئی۔

دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 400 روپے پر مستحکم رہی۔

عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں بدھ کے روزمحدود اضافہ ہوا ہے کیونکہ سرمایہ کار آئندہ ماہ فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں ممکنہ کمی کی شرح کا تعین کرنے کے لئے امریکہ میں افراط زر کے اعداد و شمار کے منتظر تھے۔

Read Comments