پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ملک بھر میں واقع اپنے کنوؤں سے ہائیڈرو کاربن کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا۔
ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو نوٹس کے ذریعے رواں سال اپریل سے نومبر کے دوران اپنی پیداوار میں اضافے کی تفصیلات فراہم کیں۔
بیان میں کہا گیا کہ کمپنی کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ وہ پاکستان کی توانائی کی صورتحال میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور مقامی ہائیڈرو کاربن کی پیداوار میں اضافے کو ترجیح دیتے ہوئے توانائی کے تحفظ کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے بتایا کہ کئی پیداواری فیلڈز اپنی قدرتی کمی کی طرف بڑھ رہی ہیں، جس کے پیش نظر کمپنی نے کم لاگت میں پیداوار بڑھانے کے لیے متعدد حکمتِ عملی پر مبنی اقدامات کیے ہیں۔ ان میں ریگ لیس مداخلت،سرفیس سسٹم آپٹیمائزیشن اور ورک اوورز شامل ہیں، جو نئے کنوؤں کی کھدائی کے مقابلے میں انتہائی کم لاگت پر نمایاں نتائج فراہم کر رہے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ اپریل 2024 سے نومبر 2024 تک کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں قدرتی گیس کی پیداوار میں تقریباً 17 ملین مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی)، تیل/کنڈینسیٹ کی پیداوار میں 400 بیرل یومیہ (بی پی ڈی) اور ایل پی جی کی پیداوار میں 4 ٹن یومیہ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے بتایا کہ سوئی-71 اور سوئی-73 پر کامیاب ورک اوورز کے ذریعے گیس کی پیداوار میں 8.4 ملین مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) کا اضافہ کیا گیا۔ یہ اضافہ ورک اوور آپٹیمائزیشن کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے جس کا مقصد موجودہ وسائل سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔
کمپنی نے ”ویل ہیڈ سرفیس فٹنگ اور پلانٹ پروسیسنگ سسٹم کو بہتر بنا کر سوئی اور گمبٹ ساؤتھ گیس فیلڈز سے 7.1 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار میں اضافہ حاصل کیا ہے“۔
پی پی ایل نے بتایا کہ آدھی 28، آدھی 29 اور آدھی ساؤتھ 5 میں آرٹیفیشل لفٹ سسٹمز کی تنصیب اور ترمیم کے ذریعے کمپنی نے 200 بی پی ڈی آئل/ کنڈنسیٹ، 2 ٹن یومیہ ایل پی جی اور 0.5 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی۔
آخر میں، کمپنی نے آدھی، ہالا اور سوئی فیلڈز میں ایسڈ واش ٹریٹمنٹس اور اسکیل ریموول کے ذریعے پیداوار میں مزید اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 200 بیرل یومیہ (بی پی ڈی) تیل/کنڈینسیٹ، 2 ٹن یومیہ ایل پی جی، اور 1.3 ملین مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس حاصل ہوئی۔
پی پی ایل نے مزید کہا کہ یہ اقدامات مقامی ہائیڈرو کاربن کی پیداوار کو مؤثر طریقے سے بڑھانے، توانائی کی طلب اور رسد کے فرق کو پر کرنے اور ملک کے لئے غیر ملکی زرمبادلہ کے تحفظ میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لئے کمپنی کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔