وزیرخزانہ کا مالیاتی نظام کو معیاری بنانے کی اہمیت پر زور

27 نومبر 2024

وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈز بورڈ (آئی اے ایس بی) کے چیئرمین ڈاکٹر اینڈریاس کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی۔

وفد میں آئی اے ایس بی کے ممبر جیان کیو لو، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی) کے صدر فرخ رحمان، ایشیا اوشیانا اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈز گروپ کے چیئرمین رانا عثمان خان، ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن آف پاکستان (آر آر ایم سی) کے چیئرمین اشفاق تولہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے حکومت کے جامع پالیسی فریم ورک پر روشنی ڈالی جس کا مقصد بہتر دستاویزات اور مالی شفافیت کے ذریعے ٹیکس محصولات میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے عالمی طریقوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے مالیاتی نظاموں کو معیاری بنانے کی اہمیت پر زور دیا ، جو ملکی اور بین الاقوامی دونوں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے کے لئے اہم ہیں۔

انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پالیسی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈاکٹر اینڈریاس نے بین الاقوامی اکاؤنٹنگ معیارات کو اپنانے میں پاکستان کی قیادت کا اعتراف کیا اور عالمی طریقوں کا ابتدائی پیروکار ہونے پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے ان کوششوں کو آگے بڑھانے میں آئی سی اے پی کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کی تعریف کی اور مالیاتی شفافیت اور استعداد کار بڑھانے میں پیشہ ورانہ تنظیموں کے کردار پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کے اقتصادی فریم ورک میں اعتماد پیدا کرنے کے لئے شفافیت اور معیار سازی ضروری ہے۔ شرکاء نے پاکستان میں انٹرنیشنل فنانشل رپورٹنگ اسٹینڈرڈز (آئی ایف آر ایس) کے نفاذ سے متعلق چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

فرخ رحمان اور رانا عثمان خان نے بتایا کہ کس طرح آئی سی اے پی اور ایشیا اوشیانا اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈز گروپ مالیاتی رپورٹنگ کے نظام کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی مالیاتی دستاویزات اور رپورٹنگ کے طریقوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید مضبوط بنانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments