پنجاب،اسکولوں میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

25 نومبر 2024

آج نیوزکی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر سے شروع ہوں گی۔

پنجاب کے اسکولوں کے سیکرٹری خالد نذیر وٹو نے کہا کہ طلباء 20 دسمبر سے 10 جنوری 2025 تک موسم سرما کی 20 دن کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

اس سے پہلے پیرکو لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) نے تمام اسکولوں کو موسم سرما کی تعطیلات کے بعد طلباء کے لیے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے مزید کہا کہ اس کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والا کوئی بھی اسکول بند کردیا جائے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت شہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

عدالت عالیہ نے تحریری فیصلے میں پنجاب حکومت کوہدایت کی ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد اسکول طلباء کے لیے ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ عدالتی حکم نامے میں محکمہ تعلیم کوحتمی نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، جس میں کہا گیا کہ کوئی بھی ادارہ جو عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اسے بند کیا جائے گا۔

Read Comments