بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اسلام آباد پہنچ گئے

25 نومبر 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

گزشتہ ہفتے ایک بیان میں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ تفصیلی بات چیت کریں گے اور دوطرفہ تعاون اور روابط کے شعبوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پیر کو وزارت خارجہ میں جمہوریہ بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف کا استقبال کیا۔

بیلاروس کا 68 رکنی وفد اتوار کو اسلام آباد پہنچا جس میں اعلیٰ حکومتی حکام اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا استقبال کیا جس میں بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف اور دیگر سینئر سرکاری حکام بھی شامل تھے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ ریزنکوف کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی امورصدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے دورہ پاکستان کے ایجنڈے اور پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور باہمی فائدہ مند تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تبادلوں اور اعلیٰ سطح دوروں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

Read Comments