وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جاری احتجاج کی وجہ سے وفاقی حکومت کو روزانہ 190 ارب روپے (688.2 ملین امریکی ڈالر) کا نقصان ہورہا ہے۔
ایک بیان میں محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے جس کے مطابق ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کو احتجاج کی وجہ سے یومیہ 140 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے جبکہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کے نقصانات اس رپورٹ میں شامل نہیں ہیں۔
محمد اورنگزیب کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی جس کے نتیجے میں وفاقی حکومت کے اعلیٰ حکام میں بے چینی پھیل گئی اور حکومتی رہنماؤں نے احتجاجی تحریک کو ہر قیمت پر ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ہزاروں حمایتوں نے اتوار کو وفاقی دارالحکومت کی جانب ’فیصلہ کن‘ لانگ مارچ کا آغاز کیا اور حکومت کی جانب سے راستے میں لگائی گئی تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا۔
لانگ مارچ کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے سیکڑوں حامیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔
دریں اثنا محمد اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ برآمدات سے متعلق یومیہ 26 ارب روپے جب کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو روزانہ 3 ارب روپے کا دھچکا لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں صرف وفاقی حکومت کو روزانہ 190 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ صوبائی نقصانات اس سے بھی زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔